جنوبی لبنان میں ایک اسرائیلی حملے میں ایران نواز شیعہ تحریک حزب اللہ کے ایک اعلیٰ کمانڈر ہلاک ہو گیا۔
خبر رساں اداروں روئٹرز اور اے ایف پی نے نامعلوم سکیورٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہلاک ہونے والے کمانڈر کا جنوبی لبنان میں حزب اللہ کی کارروائیوں کے انتظام میں اہم کردار تھا۔‘‘
اطلاعات کے مطابق یہ کمانڈر جنوبی لبنان میں ایک کار پر ہونے والے اسرائیلی حملے میں مارے گئے۔‘‘ سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد سے حزب اللہ تقریباً روزانہ کی بنیاد پر اسرائیل کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کر رہی ہے۔ گزشتہ ہفتے بیروت میں حماس کے دفتر پر ڈرون حملے میں حماس کے ایک سینیئر اہلکار صالح العروری ہلاک ہو گئے تھے۔
العروری حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کے نائب تھے اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے آغاز کے بعد سے مارے جانے والے حماس کے سب سے سینئیر رہنما تھے۔ حماس اور حزب اللہ کے عسکری ونگ کو امریکہ اور یورپی یونین سمیت کئی ممالک دہشت گرد گروپ قرار دے چکے ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران لبنان میں اپنے مخالف اہم عسکری کمانڈر کو نشانہ بنانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے غزہ میں حماس اور لبنان میں حزب اللہ کے اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔