لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اسرائیلی حملے میں منگل کو حماس کے نائب سربراہ صالح العاروری کی ہلاک ہوگئے۔
منگل کو ایسوسی ایٹڈ پریس کی ایک رپورٹ میں لبنان میں حزب اللہ گروپ کے ٹی وی اسٹیشن کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ حماس کے ایک اعلیٰ عہدیدار صالح العاروری منگل کو بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں ایک دھماکے میں مارے گئے۔
اے پی کے مطابق اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے 7 اکتوبر کو حماس اسرائیل جنگ شروع ہونے سے پہلے ہی انہیں ہلاک کرنے کی دھمکی دی تھی۔
اس حملے میں بیروت کے ایک ایسےشیعہ آبادی والے علاقے میں ایک اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا گیا تھا جو حزب اللہ کا گڑھ ہے۔
صالح العاروری، جو اسرائیل کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے بعد سے ہلاک ہونے والے حماس کی سب سے سینئر شخصیت تھے، اس گروپ کے عسکری ونگ کے بانی بھی تھے۔
ان کی ہلاکت لبنان کی طاقتور حزب اللہ ملیشیا کی طرف سے بڑی انتقامی کارروائیوں کے لیے اشتعال انگیزی کا سبب بن سکتی ہے۔
حزب اللہ کے رہنما سید حسن نصر اللہ نے لبنان میں اسرائیل کی جانب سے کسی بھی فلسطینی عہدے دار کو ہدف بنانے کے خلاف جوابی حملہ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، اسرائیلی فوج کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہاگری نے براہ راست العاروری کی موت کا ذکر نہیں کیا لیکن کہا، "ہم حماس کے خلاف لڑائی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "ہم کسی بھی منظر نامے کے لیے تیار ہیں۔‘‘