بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق چیئرمین پبلک اکاونٹ کمیٹی اختر حسین لانگو نے کہا ہے کہ ہمیں شروع دن سے یہ خدشہ تھا کہ اسٹیبلشمنٹ بی این پی کو انتخابات سے باہر رکھنے کی کوشش کریں گے سردار اختر جان مینگل کے کاغذات نامزدگی کوئٹہ اور خضدار سے مسترد ہونے کے بعد ہمارے خدشات درست ثابت ہوئے اس حوالے سے بلوچستان نیشنل پارٹی کا اجلاس بلا کر ہم فیصلہ کریں گے کہ ہم الیکشن میں جائیں گے یا اس کا بائیکاٹ کریں اس کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سردار اختر مینگل کے کوئٹہ اور خضدار سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔
اختر حسین لانگو کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں یہ اندازہ تھا کہ گزشتہ 15دنوں سے جس طرح ہمارے راستے کو روکنے کیلئے ہتھکنڈے استعمال کررہے تھے تاہم سردار اخترمینگل کے خلاف فیصلہ آنے کے بعد یہ ثابت ہوگیا کہ وہ سلیکٹڈ لوگوں کو لانا چاہتے ہیں عوام کے حقیقی نمائندوں کے راستہ کو روکنے کیلئے اس طرح کی سازشیں ہوتی ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کا اجلاس بلا کر اس پر فیصلہ کریں گے ۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ عدالت نہیں جائیں گے تو انہوں نے کہا کہ عدالت جانے کا فیصلہ بھی ہماری پارٹی فیصلہ کرے گی کہ ہمیں اپنے عوام کے پاس جانا ہے یا عدالتوں میں جانا ہے اس کا فیصلہ بلوچستان نیشنل پارٹی کرے گی ۔