بلوچستان کے علاقے تمبو اور تربت میں آسمانی بجلی گرنے اور فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 2 بچے ہلاک ،ایک زخمی جبکہ ایک تربت میں خاتون قتل ہوگئی ہے۔
نصیرآباد کے تمبو کے علاقے میں آسمانی بجلی گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں 2 بچے ہلاک جبکہ ایک بچی زخمی ہوگئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ اچانک موسمی تبدیلی کے دوران پیش آیا، جب آسمانی بجلی ایک رہائشی مقام پر گری۔
ہلاک ہونے والے بچوں کی لاشوں اور زخمی بچی کو فوری طور پر قریبی مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی بچی کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں آپسر بنڈے بازار میں فائرنگ کے ایک واقعے کے نتیجے میں ذلیخہ نامی خاتون ہلاک ہوگئیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ گھریلو ناچاقی کا شاخسانہ بتایا جا رہا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر دیور نے اپنی بھابھی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔