بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین میں نامعلوم افراد کی دستی بم کے حملے میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے کم از کم5 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔
واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی۔
مقامی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ برسوں کے دوران ایسے حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے جن میں غیر مقامی مزدوروں، ٹرانسپورٹ ورکرز اور کان کنی کے شعبے سے وابستہ افراد کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بعض مسلح گروہ ان افراد کو اس وقت نشانہ بناتے ہیں جب وہ معدنیات کے شعبے میں کام جاری رکھتے ہیں، حالانکہ انہیں اس سے باز رہنے کی وارننگ دی جاتی ہے۔
اسی طرح ایسے افراد بھی حملوں کا ہدف بنتے رہے ہیں جن پر شبہ ہو کہ وہ ریاستی اداروں یا سیکیورٹی فورسز کے لیے مخبری کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔