ماہ رنگ بلوچ نے کراچی سے چترال تک لوگوں کو جگا دیا ہے، سینیٹر مشتاق احمد

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹر مشتاق احمدخان نے اسلام آباد میں بلوچ لانگ مارچ کے دھرنے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لانگ مارچ کی قیادت کرنے والی ماہ رنگ بلوچ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ماہ رنگ بلوچ نے کراچی سے چترال تک لوگوں کو جگا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں بلوچستان کی بیٹی ماہ رنگ بلوچ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جس بہادری سے ریاستی جبر، پولیس کی دہشتگردی کا مقابلہ کیا ہے اس نے تمام جمہوریت پسند، انسانی حقوق کے علمبرداروں کے سر فخر سے بلند کر دیے ہیں۔

سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ ماہ رنگ بلوچ مظلوموں کی آواز ہیں ،انہوں نے کراچی سے چترال تک لوگوں کو جگا دیا ہے۔

https://twitter.com/SenatorMushtaq/status/1738593442509533614

ان کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں ، اسلام آباد پولیس اورنگراں حکومت کو شرم آنا چاہیے کہ انہوں نے پر امن مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ پاکستان کے آئین میں آزادی اظہار اور پر امن احتجا ج کا جو حق دیاگیا ہے ان مظاہرین نے اسی کے تحت پر امن مارچ کیا لیکن جو قوتیں آئین نہیں مانتی انہوں نے مظاہرین پرتشدد کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت لانگ مارچ کے مطالبات تسلیم کرے، ماورائے عدالت ہلاکتوں کی تحقیقات کرے اور جبری گمشدہ افراد کو بازیاب کرے ۔

سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ میں بلوچ لانگ مارچ شرکا کے ساتھ ہوں ۔سینیٹ میں ان کی آواز بنوں گا اور تحریک بھی پیش کروں گا۔

آخر میں انہوں نے لانگ مارچ دھرنا شرکا کیلئے کمبل و دیگر ضروری اشیا کی بندوبست کر نے کا وعدہ کیا۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article
Leave a Comment