گلگت بلتستان میں گندم کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف مکمل شٹر ڈاون ہڑتال

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے زیر قبضہ گلگت بلتستان میں گندم کی قیمتوں میں اضافے اور ٹارگٹیڈ سبسڈی کے خلاف مکمل شٹر ڈاون ہڑتال ہے۔

ہڑتال کی کال عوامی ایکشن کمیٹی اور تاجر تنظیموں کی جانب سے دی گئی ہے ۔

ہڑتال کی وجہ سے سیاحتی حب ہنزہ سمیت گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں ، ہوٹلز ، ریسٹورنٹ سمیت تمام تجارتی مراکز بند ہیں۔

عوامی ایکشن کمیٹی اور تاجر تنظیموں کا کہنا ہے کہ شٹر ڈائون کا مقصد اسلام آباد سرکار اور جی بی حکومت کے ایما پر حالیہ دنوں گندم کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور ٹارگٹیڈ سبسڈی کو مسترد کرنا ہے۔

یادرہے کہ حالیہ دنوں گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے گندم کی قیمت 20 روپے فی کلو سے بڑھا کر 52 روپے کیا گیا تھا اور آٹا اور گندم کی فراہمی بھی محدود کی گئی تھی۔

گزشتہ ماہ گلگت بلتستان کابینہ نے گندم کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کو ملنے والی سبسڈی کو ختم کیا تو مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور حکومتی فیصلے کیخلاف ابتدائی طور پر علامتی شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا جو کہ کامیاب رہا۔

اس دوران بلتستان کے تمام اضلاع میں بھی شٹر ڈاون ہڑتال ہوا اور سکردو یادگاو شہدا سمیت گانچھے میں احتجاجی جلسے ہوئے جن میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی اور حکومتی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبات حل نہ ہونے کی صورت میں گلگت بلتستان کے تمام اضلاع سے عوام گلگت کی طرف لانگ مارچ کی دھمکی بھی دی۔

Share This Article
Leave a Comment