خضدار میں اراضیات پر قبضے کیلئے ہمیں ہراساں کیا جارہا ہے، متاثرین

0
54

بلوچستان کے علاقے خضدار میں شیخ قبیلے سے تعلق رکھنے والے قبائلی رہنمائوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اراضیات پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، مختلف حربے استعمال کرکے ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور ہراساں کیا جارہا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ خضدار ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اب تک ہمارے ایف آئی آر تک درج نہیں کیا گیا ہے ، متعدد بار ہم نے ضلعی انتظامیہ کو درخواست دی ہے لیکن تاحال انتظامیہ کی جانب سے مثبت پیش رفت نہیں ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم جن اراضیات کے متعلق بات کر رہے ہیں ان پر برسوں سے ہمارا قبضہ ہے جو کہ ہمارے آبائواجداد نے خریدی ہیں ، ہمارے ساتھ تمام تر اراضیات کے قانونی کاغذات موجود ہیں ، اس سے قبل سیشن کورٹ سمیت ہائی کورٹ نے بھی ہمارے حق میں فیصلہ دیا تھا ، لیکن 30 نومبر بروز جمعرات کو ہمارے قبیلے کے متعدد افراد کو نشانہ بنایا گیا اور ان کو زخمی کیا گیا ہے ۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ہم حکام بالا سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے ۔

اس موقع پر شیخ قبیلے سے تعلق رکھنے والے فیض محمد ، عبدالکریم ، محمد اسماعیل ، احمد جان ، محمد ادریس ، شہر محمد ، علی احمد ، خیر محمد ، عبداللہ ، محمد یعقوب و دیگر موجود تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here