بلوچستان کی نگراں حکومت نے بلوچستان میں سوشل میڈیا پر ریاست مخالف سرگرمیوں کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کیاہے۔
اس سلسلے میں ریاست مخالف مواد اور غیر قانونی تارکین وطن کے انخلاکیخلاف جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈے پھیلانے والے سوشل میڈیا اکائونٹس،پیجز کی نشاندہی کرلی گئی ہے ۔
حکومتی ذرائع کا کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے کے ذریعے سوشل میڈیا کمپنیز سے رابطہ کیا جارہا ہے تاکہ ان اکائونٹس اور پیجز کو بلاک کیا جائے جبکہ ایف آئی اے سائبر کرائم کے تحت ایسے پیجز اور اکائونٹس چلانے والوں کیخلاف بھی کارروائی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو بھی تحقیقات اور ایسے تمام اکائونٹس چلانے والوں کیخلاف کارروائی کی ہدایات جاری کی جارہی ہے۔
وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے حکومت کی مذکورہ فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتا یاکہ سوشل میڈیا پر پیجزبنا کر کچھ گروپس ریاست اور حکومت مخالف پروپیگنڈوں میں مصروف کی جسکی تازہ مثال غیر قانونی مہاجرین کے انخلا کیخلاف کیا جانیوالا پروپگنڈہ اور بلوچستان ہیلتھ کارڈ جیسے منصوبوں کیخلاف پوسٹیں کرنا ہے ۔
‘ جان اچکزئی نے کہا کہ ریاست کا اٹل فیصلہ ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم مہاجرین کو مکمل طور پر ملک سے ہرصورت نکالا جائیگا ایسی صورتحال میں چند لوگ سوشل میڈیا کا استعمال کرکے ریاست کی بدنامی کا باعث بننے کیساتھ ساتھ غیر ملکی عناصر کے آلہ کار بن رہےہیں ۔
جان اچکزئی نے کہا کہ ایسے تمام پیجز کو نہ صرف بلاک کرایا جائیگا بلکہ پاکستان میںمقیم ایسے تمام افراد کو گرفتار کرنے کیلئے سائبر کرائم ونگ کے ذریعے باقاعدہ تحقیقات شروع کرائی جائینگی مکمل ثبوت حاصل کرنے کے بعد ایسے افراد کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا ۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے استعمال یا مثبت سرگرمیوں والے پاکستانیوں کیخلاف کارروائی کے بجائے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی جائیگی تاہم جھوٹ پر مبنی عناصر جو جانے انجانے میں ریاست پاکستان کیخلاف آلہ کار بن رہے ہیں انہیں قرار واقعی سزا دی جائیگی۔