غزہ میں ٹیلی کام سروسز فراہم کرنے والی مرکزی کمپنی کے مطابق اس پٹی میں ایندھن کی کمی کی وجہ سے جمعرات کو انٹرنیٹ اور تمام فون نیٹ ورکس بند کر دیے گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق رفح سے امداد کی ترسیل بھی ممکن نہیں رہی۔
اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے ایجنسی (UNRWA) نے کہا ہے غزہ کی پٹی میں مواصلاتی نظام کی بندش کی وجہ سے جمعے کے روز رفح بارڈر کراسنگ کے ذریعے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امداد کی ترسیل نہیں ہو پائے گی۔ غزہ میں ٹیلی کام سروسز فراہم کرنے والی مرکزی کمپنی کے مطابق اس محصور پٹی میں ایندھن کی کمی کی وجہ سے جمعرات کو انٹرنیٹ اور فون نیٹ ورکس بند کر دیے گئے ہیں۔
UNRWA کی کمیونیکیشن ڈائریکٹر جولیٹ توما نے اردن کے دارالحکومت عمان میں نامہ نگاروں کو بتایا، "ہم نے ایندھن، خوراک، پانی اور انسانی امداد کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال ہوتے دیکھا ہے۔” توما نے کہا کہ UNRWA مزید کام نہیں کر سکتی کیونکہ اس کے پاس ایندھن نہیں ہے اور ان کے بقول، "یہ سراسر اشتعال انگیزی ہے کہ انسانی ہمدردی کی ایجنسیوں کو ایندھن کی بھیک مانگنے تک محدود کر دیا گیا ہے۔”
جولیٹ نے کہا کہ اسرائیل نے خوراک کی ترسیل کے لیے UNRWA کو اس ہفتے محدود ایندھن فراہم کیا تھا۔ ہسپتالوں یا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس جیسے کسی دوسرے انفراسٹرکچر کو ایندھن استعمال کرنے کی اجازت نہیں تھی۔ ایندھن لے جانے والا پہلا ٹرک ایک دن پہلے غزہ میں داخل ہوا اور UNRWA نے کہا کہ یہ "آدھے ٹرک کے برابر ہے اور بالکل بھی کافی نہیں۔”
مغربی کنارے میں فلسطینی وزارت صحت کے مطابق جنگ شروع ہونے کے بعد سے 11,400 سے زیادہ فلسطینی مارے جا چکے ہیں، جن میں سے دو تہائی خواتین اور بچے شامل تھے۔