غزہ کے الشفا ہسپتال میں اسرائیلی فوجی ٹینکوں سمیت داخل ہو گئے ہیں۔
اس ہسپتال میں موجود عینی شاہد خادر زاناؤن نے بی بی سی کو بتایا کہ میں نے ہسپتال کے اندر چھے اسرائیلی فوج کے ٹینک اور سو سے زائد اسرائیلی فوجی دیکھے ہیں۔ وہ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے مرکزی گیٹ سے داخل ہوئے۔
ان میں سے کچھ فوجیوں نے ماسک پہن رکھے تھے اور وہ عربی میں چیخ کر کہہ رہے تھے کہ ’کوئی اپنی جگہ سے نہ ہلے‘۔
غزہ کی الشفا ہسپتال، جو اس وقت اسرائیلی فوج کے محاصرے میں ہے، میں اس وقت ہزاروں مریض اور عام شہری پناہ لیے ہوئے ہیں۔
تاہم یہ اندازہ تھوڑا مختلف ہو سکتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے اس سے قبل منگل کو کہا تھا کہ اس وقت الشفا ہسپتال میں 700 مریض زیر علاج ہیں، 400 عملے کے افراد ہیں جبکہ 3000 عام شہری یہاں جنگ سے بچنے کے لیے پناہ لیے ہوئے ہیں۔
حماس کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اس وقت ہسپتال کے اندر کم از کم 2300 افراد موجود ہیں، جن میں 650 مریض، دو سو سے پانچ سو تک عملے کے افراد اور تقریباً 1500 تک عام شہری موجود ہیں۔