غزہ کوفلسطینی اتھارٹی کے کنٹرول میں نہیں دینگے،اسرائیلی وزیر اعظم

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے حماس کے بعد کے غزہ کے بارے میں بین لاقوامی سطح پر اسرائیلی اتحادیوں کے درمیان جاری بات چیت کی باضابطہ تصدیق کی ہےتاہم اس سلسلے میں محمود عباس کے زیر قیادت فلسطینی اتھارٹی کو غزہ کا کنٹرول دینے سے انکار کیا ہے۔

نیتن یاہو کا کہنا تھا وہاں اس کے علاوہ کچھ اور ہی ہو گا۔ وہ اس سلسلے میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا اب ایسی کوئی سویلین اتھارٹی غزہ کا کنٹرول نہیں سنبھالے گی جو اپنے بچوں کو اسرائیلیوں کے قتل اور اسرائیل کو ختم کرنے کے لیے تعلیم دے۔

اس سے قبل اسرائیلی حکومت نے بدھ کے روز کہا تھا ابھی یہ اندازہ لگانا کہ غزہ میں آنے والے دنوں میں حکومتی منظر نامہ کیا ہوگا بہت قبل از وقت ہو گا۔ البتہ یہ ضرور ہے کہ بین لاقوامی سطح پر اس بارے میں مختلف امکانات کے حوالے سے پہلے ہی غور جاری ہے۔

اسرائیلی حکومت کے ترجمان ایلون لیوی کا اس سلسلے میں کہنا تھا یہ ابھی کہنا بہت قبل از وقت ہوگا۔

ترجمان نے کہا میں تو چاہتا ہوں کہ اگلے ہی دن ایسا ہو جائے یا اگلے ہفتے ہی ایسا ہو جائے لیکن یہ شاید تاخیر سے ہوگا۔

ایلون لیوی نے مزید کہا ہم اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ اس سلسلے میں متعدد منصوبوں پر تبادلہ خیال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آنے والے دنوں میں کیا ہو گا اور کیسے ہوگا۔ تاہم مشترکہ ہدف یہ ہے کہ غزہ کی پٹی مکمل غیر فوجی کر دی جائے اور آئندہ کبھی دہشت گردی کی آغوش نہ بنے۔

Share This Article
Leave a Comment