امریکا میں فلسطینیوں کی حمایت میں ہزاروں افراد کا احتجاجی مظاہرہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read
فوٹو : اے ایف پی

امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ہفتے کے روز امن کی داعی کئی تنظیموں نے ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا جس میں شرکت کرنے والوں نے غزہ میں جاری جنگ بند کروانے اور اسرائیل کے لیے امریکی امداد کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

واشنگٹن ڈی سی کے مظاہرے میں شریک افراد کی تعداد ایسوسی ایٹڈ پریس اور نیو یارک ٹائمز کی رپورٹس کے مطابق ہزاروں میں تھی۔ جو سیاہ اور سفید فلسطینی سکارف پہنے فلسطین آزاد ہوگا کے نعرے لگا رہے تھے۔

مظاہرین کے ایک گروپ نے ایک بہت بڑا فلسطینی پرچم اٹھا کر پینسلوانیا ایونیو پر مارچ کیا۔ پینسلوانیا ایونیو واشنگٹن ڈی سی کی وہ سڑک ہے، جو وائٹ ہاوس تک جاتی ہے۔

کلیولینڈ، اوہائیو سے ریلی میں شرکت کے لئے آنے والی ریناد دائم نے بتایا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ احتجاج میں شریک ہونے آئی ہیں، تاکہ انہیں معلوم ہو کہ فلسطینی کتنے سخت جان ہیں۔

واشنگٹن ڈی سی کے علاقے فریڈم پلازہ میں مظاہرین کی ایک قابل ذکر تعداد جمع ہوئی۔

انہوں نے پلے کارڈز اور فلسطینی جھنڈے اٹھا رکھے تھے ۔ان کے ہاتھوں میں پیلے، سرخ اور سیاہ پلے کارڈز پر غزہ کو جینے دواور غزہ پر بمباری بند کرو کے مطالبے درج تھے۔

کئی مظاہرین نے فلسطینی طرز کے سکارف پہن رکھے تھے ۔ کئی مظاہرین سیاہ ماسک سے چہرہ چھپائے ہوئے بھی نظر آئے۔ غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ہونے والی سویلین ہلاکتوں کی تصویر کشی کے لئے سڑک کے کنارے ایک قطار سے سرخ چھینٹوں سے رنگین سفید رنگ کے مصنوعی باڈی بیگز رکھے گئے تھے ، جن پر غزہ میں بمباری سےہلاک ہونے والے بچوں کے نام درج تھے۔

Share This Article
Leave a Comment