بلوچستان کے علاقے سوراب میںسناڑی قبیلہ پر مشتمل مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں کوئٹہ کراچی آر سی ڈی شاہراہ کو مل شاہو رائی کے مقام پر ایک بار پھر بلاک کردیا۔
شاہراہ کی بندش سے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی مذکورہ قبیلہ کے افراد اسی مقام پر شاہراہ بلاک کرگئے تھے تاہم سوراب انتظامیہ سے مذکرات اور یقین دہانی کے نتیجے میں انہوں نے احتجاج ختم کرکے سڑک ٹریفک کے لئے مشروط طور پر کھول دیا تھا ۔
احتجاجی مظاہرین کے مطابق یقین دہانی کے باوجود ان کے مطالبات پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث اب وہ دوبارہ شاہراہ کو بلاک کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں، تاکہ ان کے مطالبات پر توجہ مبذول کرکے دشت گوران میں جاری قبائلی تصادم کے نتیجے میں لوگوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔
تاحال شاہراہ بلاک کرنے والے مظاہرین سے حکومتی اور انتظامی سطح پر مذاکرات کا کوئی عمل شروع نہ ہوسکا ہے، سڑک کی بندش سے مسافروں خصوصاً خواتین اور ضعیف العمر افراد کو شدید تکالیف اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔