خیبر پختونخوا میں بارودی سرنگ دھماکا و فائرنگ سے 3 اہلکارہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواکے علاقے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پولیس کیمپ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکارہلاک ہوگیا۔

سی سی پی او پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ڈی آئی خان میں حملہ ہفتہ کو دیر گئے سی پیک یارک ٹول پلازہ کے قریب ہکلا ڈی آئی خان موٹروے پر ہوا۔

یارک تھانے کی حدود میں 15 سے 20 حملہ آوروں نے پولیس کیمپ پر دھاوا بول دیا۔

ہلاک کانسٹیبل کی شناخت شیر عالم کے نام سے ہوئی جو موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا۔

فائرنگ کافی دیر تک جاری رہی، اس دوران دستی بموں کا بھی استعمال کیا گیا، حملے کے بعد عسکریت پسند فرار ہوگئے۔

پاکستانی فوج فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک عسکریت پسند مارا گیا۔

آئی ایس پی آر کے دعوے کے مطابق 2 زخمی عسکریت پسندوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

بیان میں کہا گیاکہ گرفتار افراد سیکیورٹی فورسز کے خلاف حملوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

ادھر جنوبی وزیرستان کے علاقے سرویکئی میں بارودی سرنگ پھٹنے سے 2 فوجی ہلاک ہوگئے۔

ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت اورکزئی سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ سپاہی بنارس خان اور خیبر سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ سپاہی عبدالکریم کے ناموں سے ہوئی۔

Share This Article
Leave a Comment