اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ مغربی کنارے کے پناہ گزین کیمپ پر ایک اسرائیلی حملے میں پانچ بچوں سمیت 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
مغربی کنارے میں اسرائیلی حملے کی یہ تازہ ترین خبر اقوام متحدہ کی جانب سے علاقے کے بارے میں ایک علیحدہ اپ ڈیٹ کے بعد سامنے آئی ہے۔
فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (UNRWA) کے مطابق نور شمس پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران مغربی کنارے میں پانچ بچوں سمیت 13 افراد کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔
سنیچر کو جاری کردہ ایک بیان میں ادارے نے بتایا ہے کہ اس حملے میں ایک اسرائیلی فوجی بھی مارا گیا جبکہ دیگر زخمی بھی ہوئے۔
واضح رہے کہ مغربی کنارے میں 30 لاکھ فلسطینی آباد ہیں۔ پچھلے 50 سالوں میں اسرائیل نے مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں کئی بستیاں تعمیر کی ہیں جہاں اب سات لاکھ سے زیادہ یہودی بھی رہتے ہیں۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے مغربی کنارے کے شہر جنین میں ایک مسجد کو بھی میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسرائیلی ڈیفنس فورسز (IDF) نے کہا کہ ’انٹیلی جنس ایجنسی کے مطابق مسجد کو عام شہریوں کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی اور ان کو انجام دینے کے لیے بطور کمانڈ سینٹر استعمال کیا جاتا تھا۔‘
خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایک مقامی طبیب نے بتایا ہے کہ اس واقعے میں دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔