بی این پی مینگل نے 22 اکتوبر کو پارٹی سربراہ سرداراخترمینگل کی سربراہی میں وڈھ تا کوئٹہ لانگ مارچ کااعلان کیا ہے ۔
کوئٹہ پریس کلب میں بی این پی رہنما نصیر شاھوانی ،اختر حسین لانگو سمیت دیگر رہنماؤں نے پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ وڈھ کے حالات کو جان بوجھ کر خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، سردار اختر مینگل نے بلوچ قومی حقوق کی بات کی شاہد اس کی سزا ہمیں دی جارہی ہے، ڈیتھ سکواڈ کو بنا کر اساتذہ ڈاکٹرز سمیت حبیب جالب اور ہمارے 100 ورکز کو قتل کر دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاستی امن وامان میں ناکامی کے باعث وڈھ کے عوام گھروں نے باہر آکر احتجاج شروع کیا ،ڈیتھ سکواڈ کو دوبارہ فعال کرکے وڈھ کے عوام پر ظلم کرایا جارہا ہے۔
نصیر شاھوانی نے مزید کہا کہ اپیکس کمیٹی میں وڈھ کے معاملہ کو خصوصی بحث میں لایا گیا اور یک طرفہ فیصلہ کرنا حکمرانوں کی دوہرہ معیار ہے، اپیکس کمیٹی کے فیصلے کے بعد یک طرفہ مورچوں کو خالی کرا کر ڈیتھ سکواڈ کو کھلی چھوڑ دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سردار اختر مینگل کی قیادت میں 22 اکتوبر کو وڈھ سے کوئٹہ تک لانگ مارچ کا آغاز کریں گے،لانگ مارچ میں سوراب ،تربت،خاران پنجگور،سبی اور دیگراضلاع سے عوام شرکت کریں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اختر حسین لانگوکا کہنا تھا کہ وڈھ میں کشیدہ حالات پیدا کرکے ہمیں الیکشن سے دور رکھنے کی کوشش ہے،دفعہ 144 کو جواز بناکر حکمران لوگوں کو گھر میں قید رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔