اسرائیل نے غزہ پر سمندر، فضا اور زمین سے آپریشن کیلئے تیاری کرلی

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read
فوٹو: ای پی اے

اسرائیلی وزیر اعظم بینیامن نیتن یاہو نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ اسرائیلی فوجیوں سے ملاقات کرتے اور ان سے بات کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

ان کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک حالیہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو نے غزہ کی پٹی کے باہر اسرائیلی فوجیوں سے کہا کہ کیا آپ اگلے مرحلے کے لیے تیار ہیں؟ اگلا مرحلہ آنے والا ہے۔

اسرائیل فوج کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ زمینی آپریشن میں بڑے پیمانے پر توسیع کرنے کی تیاری کر رہی ہے جس میں ہزاروں ریزرو فوجی بھی شامل ہوں گے۔

اس حوالے سے کوئی وقت نہیں دیا گیا ہے۔ زمینی حملے کے لیے اسرائیل نے غزہ کے رہائشیوں سے شمالی حصے کو خالی کرنے کا کہا تھا۔

بیان کے مطابق ان کی جانب سے ’فضا، سمندر اور زمین‘ کے ذریعے حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے علاقے کے شمال میں 11 لاکھ لوگوں سے کہا ہے کہ وہ جنوب کی طرف چلے جائیں۔

دریں اثنا، اسرائیل نے اس علاقے کے کنارے پر دسیوں ہزار فوجی، ٹینک اور توپ خانے جمع کر لیے ہیں۔

لیکن غزہ کے گنجان آباد شہری علاقوں میں زمینی فوج بھیجنا ایک پرخطر آپریشن ہو سکتا ہے۔

ممکنہ زمینی حملے کا دائرہ کار تاحال واضح نہیں ہے کہ یہ کب شروع کیا جا سکتا ہے اور یہ آپریشن کتنا طویل ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب امریکی فوج کے ایک ایک ریٹائرڈ جنرل نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو بتایا کہ غزہ پر اسرائیلی فوج کے زمینی حملے کا امکانات بہت کم ہیں کیونکہ اس طرح کے آپریشن کے لیے تیاری کی ضرورت ہوتی ہے۔

اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کے لیے سابق امریکی سکیورٹی کوآرڈینیٹر جنرل مارک شوارٹز نے مزید کہا کہ جس طرح کی کارروائی کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اس میں ’کئی ہفتے لگیں گے، لیکن میرے خیال میں اس میں مہینوں لگیں گے‘۔

Share This Article
Leave a Comment