اسرائیل نے غزہ کے اندرزمینی حملے شروع کر دیئے

ایڈمن
ایڈمن
5 Min Read

اسرائیلی فوج نے غزہ کے اندر علاقائی سطح پر حملے شروع کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔

اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کا کہنا ہے کہ انھوں نے یہ حملے غزہ کے علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور اس کے بنیادی ڈھانچے کے خطرے کو ختم کرنے کے لیے کیے ہیں۔

آئی ڈی ایف کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ فوجیوں نے یرغمالیوں کو ڈھونڈنے سے متعلق بعض شواہد بھی اکھٹا کیے ہیں۔

انھوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ’اسرائیلی فضائیہ نے اسرائیل پر حملے کے فوراً بعد غزہ میں حماس کے ’دہشت گردوں‘ کے ٹھکانوں اور ٹینک شکن میزائلوں پر جوابی حملے کیے ہیں۔

اسرائیل کی فضائیہ نے بتایا ہے کہ آئی ڈی ایف نے غزہ کی پٹی میں علاقائی سطح پر حملے کیے ہیں تاکہ ’علاقے کو ’دہشت گردوں‘ اور ہتھیاروں سے پاک کیا جا سکے اور لاپتہ ہونے والے افراد کو تلاش کیا جا سکے۔‘

دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ کچھ چیزیں ہیں جنھیں ہم واضح کرنا چاہتے ہیں۔

ان کے مطابق غزہ میں فلسطینی شہری ہمارے دشمن نہیں ہیں اور نہ ہی ہم انھیں اپنی کارراوئیوں کا ہدف بنانا چاہتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق ہماری کوشش ہے کہ ہم صحیح اہداف حاصل کر سکیں اور ہم نقصان سے بچنے کے لیے عام شہریوں کے انخلا کی کوشش کر رہے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ یہ بہت افسوس کی بات ہے کہ میڈیا ہماری کارروائیوں پر تنقید کر رہا ہے بجائے حماس کو اس صورتحال کا ذمہ ٹھہرانے کے جو اس وقت غزہ پر حکمرانی کر رہی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ یہ سب حماس کر رہی ہے۔۔ ہم تو صرف اس طرح کی صورتحال کا جواب دے رہے ہیں۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ عام شہریوں اور ان کے انفراسٹرکچر کو نشانہ نہ بنائیں۔

فلسطینی اتھارٹیز کے مطابق ایک ہفتے میں غزہ پر اسرائیلی بم حملوں میں اس وقت تک 2000 تک عام فلسطینی قتل کیے جا چکے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل جوناتھن کونریکس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس( ٹوئٹر) پر پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے اپنے حملوں سے متعلق پیشگی تشہیر کر دی تھی تاکہ عام شہری جنگ سے متاثر نہ ہوں۔‘

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ وہ عام شہریوں کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتا اور اس کی جنگ صرف حماس کے ساتھ ہے۔

لیفٹیننٹ کرنل جوناتھن کونریکس کا کہنا ہے کہ ’فوج نے لوگوں کو ان کی وارننگ سنتے اور خطرناک علاقے سے نکلتے ہوئے دیکھا ہے تاہم حماس کی طرف سے فلسطینی شہریوں کو علاقہ خالی کرنے سے روکنے کی کوششیں باعث تشویش اور افسوسناک ہیں۔

اسرائیلی فوجی حکام کے مطابق وہ عام شہریوں کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتے اور ان کی جنگ صرف حماس کے ساتھ ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی غزہ میں زمینی کارروائی کے دوران حماس کی طرف طرف سے یرغمال بنائے جانے والے چند اسرائیلیوں کی لاشیں ملی ہیں۔

ہارٹز اور یروشلم پوسٹ کے مطابق اسرائیلی کی دفاعی افواج کو غزہ میں کچھ اسرائیلیوں کو لاشیں ملی ہیں جن کی تعداد ابھی نہیں بتائی گئی ہے۔ ان اسرائیلیوں کی لاشوں کو دوبارہ اسرائیل میں لایا گیا ہے اور ان لاپتہ افراد کی کچھ اشیا بھی ملی ہیں۔

پروشلم پوسٹ کے مطابق اسرائیل کی پیادہ فوج اور بکتر بند یونٹس اس وقت غزہ میں زمینی آپریشن کر رہے ہیں۔ اس زمینی کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج نے حماس کا ایل اینٹی ٹینک میزائل کا سیل بھی قبضے میں لے لیا ہے جہاں سے اسرائیل پر فائرنگ کی جاتی تھی۔

Share This Article
Leave a Comment