اسلامی عسکریت پسند گروپ حماس نے اسرائیل پر راکٹوںسے حملہ کیا ہے۔
اسرائیل کی ایمرجنسی سروسز کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے حملے میں کم از کم 22 اسرائیلی ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ حماس سے تعلق رکھنے والے درجنوں مسلح افراد غزہ کی پٹی سے اچانک حملے میں جنوبی اسرائیل میں گھس آئےہیں۔
اسرائیل کی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے راکٹ حملوں کے جواب میں غزہ میں حماس کے اہداف پر جوابی فضائی حملے کیے ہیں۔
فلسطینی عسکریت پسند اسلامی گروپ حماس نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
غزہ سے اسرائیل پر ہزاروں راکٹ داغے گئے جس کے بعد حماس کے رہنما محمد دیف کا کہنا تھا کہ ’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اب بہت ہو چکا ہے۔ ‘
اسرائیلی دفاعی افواج کا کہنا ہے کہ ’متعدد دہشت گرد‘ غزہ سے اسرائیلی علاقے میں گھس آئے ہیں۔ اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ کا اجلاس مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے ہوگا اور آئی ڈی ایف نے حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم حا لتِ جنگ میں ہیں‘ ۔
اسرائیل کے وزیر دفاع یواو گیلنٹ نے کہا ہے کہ حماس نے ’ایک سنگین غلطی‘ کی ہے اور یہ کہ ’اسرائیل کی ریاست یہ جنگ جیت جائے گی‘۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنوبی اسرائیل کے مختلف مقامات پر اسرائیلی اور فلسطینی افواج کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس کا کہنا ہے کہ ان کے عوام کو ’آبادکاروں اور قابض فوجیوں کی دہشت‘ کے خلاف اپنا دفاع کرنے کا حق حاصل ہے۔
حماس ٹی وی کا کہنا ہے کہ 5000 کے علاوہ مزید 2000 راکٹ فائر کیے گئے جن کا حماس کے چیف کمانڈر نے اس آپریشن کے آغاز میں اعلان کیا تھا۔
’ہم ڈھائی گھنٹے سے نان سٹاپ فائرنگ دیکھ رہے ہیں۔‘
آئی ڈی ایف کے ترجمان ڈینیئل ہیگاری نے کہا ہے کہ حماس کو جنگ کے اعلان کے بعد واقعات کے نتائج بھگتنا ہوں گے اور ان پر اس کی ذمہ داری عائد ہوگی۔
ان کے ایک ٹویٹ میں کہا گيا ہے کہ ’آئی ڈی ایف نے حالت جنگ میں الرٹ کا اعلان کیا ہے۔ غزہ سے اسرائیلی علاقے میں راکٹوں سے شدید فائرنگ شروع ہوئی اور دہشت گرد متعدد مختلف مقامات سے اسرائیلی حدود میں گھس آئے ہیں۔‘