امریکی ریاست میکسیکو میں ایک چرچ کی چھت گرنے سے متعدد افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
میکسیکو چرچ کی چھت گرنے کی وجوہات ابتدائی طور پر واضح نہیں ہیں، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق 20 افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
میکسیکو میں اتوار کے روز ایک چرچ کی چھت گرنے سے ابتدائی اطلاعات کے مطابق سات افراد کے ہلاک ہوئے اور تقریباً 20 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پھنسے ہوئے لوگوں میں کئی بچے بھی شامل ہیں، جنہیں بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ سیڈاڈ میڈرو کے سانتا کروز میں چرچ کی چھت گرنے کے بعد زخمی ہونے والے تقریبا ًپچاس افراد کو ہسپتال لے جایا گیا ہے۔
ساحلی ریاست تامولیپاس کی پولیس نے بتایا کہ حادثے کے وقت تقریباً 100 افراد چرچ میں جمع تھے۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ بپتسمہ کی ایک تقریب تھی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ سات افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے، جبکہ دس افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا نے بتایا کہ کم از کم 20 افراد اب بھی عمارت کے ملبے تلے لاپتہ ہیں اور چھت گرنے کے وقت بپتسمہ کی تقریب چل رہی تھی۔