بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں پاکستانی فورسزکے چیک پوسٹ پر مارٹر گولہ جبکہ سابق بلوچستان وزیر کے گھر بم حملہ ہوا ہے ۔
دوسری جانب سنجاوی میں فائرنگ اورحب میںکلہاڑی سے 2 افرا د قتل کردیئے گئے۔
کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسزکی چیک پوسٹ پر مارٹر گولہ فائر کیا گیا۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے اسپن کاریز میں پولیس اور ایف سی کی مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا۔
حملہ آوروں نے مارٹر گولہ فائر کیا جو چیک پوسٹ سے کچھ فاصلے پر میدان میں گر کر پھٹ گیا۔
مارٹر گولے حملے کے بعد حملہ آوروں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور فرار ہو گئے۔
دریں اثنا بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے صدر سابق بلوچستان کے وزیر زراعت اسد اللہ بلوچ کے کوئٹہ جناح ٹاؤن کی رہائشگاہ پر دستی بم حملہ ہوا ہے ۔
پارٹی کے محمددین مری ودیگر ورکرزکا کہنا تھا کہ چار بجے کے قریب موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد کی جانب سے اسد اللہ بلوچ کی کوئٹہ رہائشگاہ پر دستی بم کا حملہ کیا گیا۔
دھماکے کے باعث ایک شخص زخمی ہو گیا۔
یاد رہے کہ ایک ماہ پہلے بھی اسد اللہ بلوچ کے پنجگور کی رہائشگاہ پر بھی حملہ ہوا تھا۔
علاوہ ازیں سنجاوی کے علاقے اندروب میں زمین کے تنازعہ پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
ہلاک شخص کی شناخت شناخت جمعہ خان کی نام سے ہوگئی ہے جسے سول اسپتال سنجاوی منتقل کردیا گیا۔
جبکہ ایک اور واقعہ میں حب میں شوہر نے کلہاڑی کے وار کرکے اپنی بیوی کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا ۔
حب انڈسٹریل ایریا میں واقع حلیمہ اسپتال کے قریب ایک مکان میں شوہر محمد اسلم نے اپنے بچوں کی موجودگی میں کلہاڑی سے وار کرکے پانچ بچوں کی ماں 35 سالہ شاکرہ بی بی کو قتل کردیا اور موقع واردات سے فرار ہوگیا ۔
پولیس نے مقتولہ کی نعش اسپتال منتقل کردی ۔
پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کےلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔