بلوچستان کے علاقے مشکے میں فائرنگ سے2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ حب سے بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے ۔
ضلع آواران کے علاقے مشکے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2افرادہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
لیویز کنٹرول آواران کے مطابق تحصیل مشکے کے علاقے جکی میں پیر کے روز علی الصبح نامعلوم مسلح افراد نے مددعلی ولد شفیع محمد سکنہ جکی مشکے کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 افراد مدد علی ولد شفیع محمد اور اس کے والد شفیع محمد ولد نندو ذات محمد حسنی موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ سے ایک شخص عبیداللہ ولد مدد علی زخمی ہوگیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی لیویز فورس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کرزخمی اور لاشوں کو آر ایچ سی ہسپتال مشکے منتقل کر دیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کیے گئے۔
دوسری جانب کراچی سے متصل بلوچستان کے صنعتی شہر حب سے پیر کے روز ایک بوری بند لاش ملی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ساکران روڈ گلیکسی ٹاؤن میں مری چوک قریب مراد آباد سے ایک شخص کی بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے۔
لاش کو پولیس نے تحویل میں لے کر سول اسپتال حب منتقل کی ہے۔
ایدھی رضا کار عدنان بلوچ کے مطابق لاش کی چہرہ ناقابل شناخت اور تشدد زدہ ہے لاش چار سے پانچ دن پرانی بتائی جارہی ہے۔
مزید تفتیش پولیس کررہی ہے۔