کراچی میں فائرنگ ، رکن سندھ اسمبلی کے بھائی و بھتیجے سمیت 3 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے صوبہ سندھ کے مرکزی شہر کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ڈیفنس میں ویگو گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جس میں رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے سمیت 4 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو زخمی دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق مرنے والوں میں ایم پی اے اسلم ابڑو کے بھائی اکرم ابڑو اور مقتول کا بیٹا شامل ہیں۔

بعد ازاں فائرنگ سے زخمی تیسرا شخص بھی دوران علاج دم توڑ گیا جس کے بعد واقعے میں ہلاک افراد کی تعداد 3 ہوگئی۔

تیسرے جاں بحق شخص کی شناخت ارشاد کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق زخمی چوتھے شخص کی حالت تشویشناک ہے اور زخمی اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں زیر علاج ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ فائرنگ سے گاڑی کی ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی اور اطراف میں لگ بھگ 2 درجن سے زائد گولیاں لگیں جب کہ فائرنگ کے واقعے میں الٰہی بخش ابڑو محفوظ رہے۔

واضع رہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فائرنگ سے بیٹے سمیت ہلاک ہونے والے اکرم ابڑو کے بھائی محمد اسلم ابڑو سال 2018 کے انتخابات میں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 1 جیکب آباد 1 سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر پہلی بار ایم پی اے منتخب ہوئے تھے جو بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے۔

مقتول اکرم ابڑو جیکب آباد شہری اتحاد کے صدر تھے جو جیکب آباد میں زمین داری بھی کرتے تھے۔ مقتول اسلم ابڑو کے جیکب آباد اور اطراف میں مختلف جائیدادوں، زرعی زمینوں اور معتبر ہونے کے معاملات میں لہڑی، بھئیو اور دیگر مختلف برادریوں سے تنازعات بھی چل رہے تھے۔

Share This Article
Leave a Comment