بلوچستان کے ضلع کیچ اور ضلع ڈیرہ بگٹی سے پاکستانی فورسز نے 5 افراد کوحراست میں لیکر جبری طور پر لاپتہ کردیا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق ضلع کیچ کے تحصیل تمپ کے علاقے بوستان کے مقام پر فورسز نے رات بارہ بجے گھروں پرچھاپہ مارکر 2 نوجوانوں کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا ہے۔
لاپتہ کئے جانے والے نوجوانوں کی شناخت پیر بخش ولد بیت اللہ اور فاروق ولد مراد کے ناموں سے ہوگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے بڑی تعداد میں علاقے کو گھیرے میں لے کر گھروں پر چھاپہ مارکر کر خواتین و بچوں کو شدید ذہنی و جسمانی تشدد سے دوچار کرکے دونوں نوجوانوں کو حراست بعد لاپتہ کردیا ہے۔
دوسری جانب گزشتہ روز ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے رئیس توخ میں فورسز نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران مزید 2 شہریوں کو حراست میں لیکر جبری طور پر لاپتہ کردیا ہے ۔
لاپتہ کئے گئے دونوں افراد کی شناخت سواگل ولد پونہال بگٹی اور حسینو ولد بختیار بگٹی کے ناموں سے ہوگئی۔
علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی سے آج بروز منگل کوبھی فورسز نے ایک شخص کو اپنے کیمپ بلاکر جبری طور پر لاپتہ کردیا ہے ۔
لاپتہ کئے گئے شخص کی شناخت دادن ولد شئے حان بگٹی کے نام سے ہوگئی ہے جوایک لیویز اہلکاربتایا جاتا ہے ۔
مقامی ذرائع کے مطابق دادن ولد شئے حان بگٹی کو آج فوج نے سوئی چھاؤنی بلا کر لاپتہ کردیاہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق دادن کے والد شئے حان بگٹی کو 23 جون 2013 کو پاکستانی فوج نے مٹ کے علاقے میں 6 دیگر لوگوں کے ہمراہ اغوا کرنے کے بعد تمام 6 لوگوں کوقتل کردیا تھا۔
دادن کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا لیویز میں ملازم ہے اور یہی ان کے گھر کا واحد سہارہ ہے جس کے زندگی کو خطرات لاحق ہیں اور اعلیٰ حکام ان کی بازیابی کیلئے کردار ادا کریں۔