بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ میں فائرنگ ،شیرانی ، خضدار و مستونگ میں روڈ حادثے سے 2 بچوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
قلعہ عبداللہ میںگلستان کے علاقے حبیب زئی میں ایک گاڑی پرنامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ہوگئے ۔
ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت صادق عمران زئی اور خدائیداد کے ناموں سے ہوگئی ۔
فائرنگ سے 2 افراد زخمی بھی ہوگئے۔
دونوں زخمیوں کو سول اسپتال عبدالرحمان زئی منتقل کردیا گیا جبکہ ہلاک افراد کو پوسٹ مارٹم کے لیے کوئٹہ روانہ کردیا گیا۔
دوسری جانب شیرانی میں گاڑی الٹنے سے 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
واقعہ شیرانی میں دانہ سر کے مقام پر پیش آیاجہاںپیاز سے لوڈ ٹرک بریک فیل ہونے پر الٹ گئی جس سے 2 افراد موقع پر ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے ۔
علاوہ ازیں مستو نگ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر کھڈکوچہ کے علاقے میں الحسن ہوٹل کے قریب پک اپ زمباد گاڑی نے رکشے کو ٹکر مار دی۔
حادثے میں بچوں، خواتین سمیت 15 افراد زخمی جبکہ حادثے میں ایک بارہ سالہ بچی ہلاک ہوگیا۔
زخمیوں کو فوری طور پر اسماعیل بلوچ ویلفیئر سوسائٹی ریسکیو سینٹر منتقل کرکے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے بعد تمام زخمیوں کو ایمبولینس اور پرائیویٹ گاڑیوں میں شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ابتدائی طبی امداد کے بعد 7 شدید زخمیوں کو علاج کیلئے کوئٹہ منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں 5 کی حالت تشویشناک ہے۔
بد قسمت رکشے میں سوار افراد شادی کی تقریب سے واپسی پر گھر جارہے تھے کہ تیز رفتار پک اپ نے انہیں ٹکر مار دی۔
دریں اثناخضدارمیں ٹریکٹر کی زد میں آکر 5 سالہ بچہ ہلاک ہوگیا۔
واقعہ پیر کے روزنواحی علاقے سناڑی اسٹریٹ میں پیش آیا۔
ہلاک ہونے والے بچے کی شناخت مبشر احمد ولد اورنگ زیب کے نام سے ہوگئی جوپانی سپلائی کرنے والی ٹریکٹر کی زد میں آ کر موقع پرہلاک ہو گیا۔
پولیس واقعہ کے متعلق تفتیش کر رہی ہے۔