نیپال میں ایک ہیلی کاپٹر لاپتا ہو گیا جس میں 5 میکسیکن سیاح اور ایک نیپالی پائلٹ سوار تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر لاپتا ہونے کی تصدیق کمپنی نے اپنے ایک بیان میں کی۔
ماننگ ایئر ہیلی کاپٹر صبح 10 بج کر 4 منٹ پر ایورسٹ ریجن میں لوکلا کے قریب واقع علاقے سورک سے اڑان بھر کر دارالحکومت کٹھمنڈو کی جانب روانہ ہوا لیکن تقریباً 10 منٹ بعد ہی اس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
ماننگ ایئر کے عہدیدار نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں، ہم نے تلاش کے لیے ایک اور ہیلی کاپٹر روانہ کر دیا ہے۔
نیپال ایوی ایشن، سیفٹی کے اپنے خراب نظام کی وجہ سے بدنام ہے اور یہ تازہ ترین واقعہ مغربی نیپال میں طیارہ حادثے کے تقریباً چھ ماہ بعد رپورٹ ہوا ہے، اس حادثے میں جہاز میں سوار تمام 72 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔