پاکستان کے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے بلوچستان میں گرمی کی شدید لہر کے حوالے سے پروینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو الرٹ جاری کردیا۔
جاری ہدایت میں کہا گیاکہ بلوچستان میں گرمی کی شدت سے ہیٹ سٹروک کا خدشہ ہے جس کے باعث محکمہ صحت بلوچستان نے تمام ہسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا۔
مزیدکہا گیا کہ موسم گرما کی جھلسا دینے والی ہوا کی لہر احتیاط نہ کرنے کی صورت میں جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ گرمی کی شدت سے بچنے کیلئے سادہ پانی کا استعمال زیادہ کیا جائے اور کاربونیٹڈ مشروبات سے پرہیز کیا جائے ۔
ہدایت کے مطابق شہری دن کے گرم ترین اوقات میں باہر نکلنے سے گریز کریں، اگر ضروری ہو تو تیز دھوپ میں سر ڈھانپ کر باہر نکلیں۔ اس صورتحال میں بیماروں، بزرگوں اور بچوں کے علاوہ پالتو جانوروں کا خاص خیال رکھا جائے شدید گرمی کے اثرات سے بچاؤ کے لئے نمکیات کی کمی کو پورا کرنے کیلئے لیموں پانی اور او آر ایس کا استعمال کیا جائے اور ہلکے اور نرم کپڑے پہنے جائی، گرمی میں اگر کوئی بیہوش ہو جائے تو سر پر ٹھنڈا پانی ڈالا جائے۔
واضع رہے کہ شدید گرمی نے بلوچستان کے گرم ترین علاقے سبی میں دو افراد کی جان لے لی جبکہ گرمی کی شدت سے 20 شہریوں کی حالت غیر ہوگئی ہے ۔
اسپتالوں میں مریضوں کی آمد رفت کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شدت گرمی میں کمی نہیں آسکی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سبی میں دن کے وقت درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہوا شدید گرمی اور لو کی وجہ سے متعدد لوگوں کی حالت غیر ہوئی۔