ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اورنگزیب بادینی اور مرکزی جامع مسجد کوئٹہ کے خطیب مولانا انوارالحق حقانی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اس وقت اس وقت کورونا وئرس نے عالم انسانیت کو گھیرا ہے۔
اس لیے مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ احتیاط کریں کیونکہ ہمارا مذہب بھی وبا میں احتیاط کا درس دیتا ہے۔
کوئٹہ میں سنیچر کی شب دیگر علما کے ساتھ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیس کے اعلی حکام مساجد کا دورہ کریں گے اوربلا جواز باہر گھومنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔
انھوں نے بتایا کہ کوئٹہ لاک ڈاﺅن کی خلاف ورزی پر اب تک تین ہزار دکانیں سیل اور سولہ سو افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
مولانا انوارالحق حقانی نے کہا کہ مذہبی طبقہ احتیاطی تدابیر کا مخالف نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نمازوں کے دوران سماجی فاصلے برقراررکھے جائیں گے اور مساجد میں قالین نہیں بچھائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تراویح کی اجازت مشروط ہے، احتیاطی تدابیر پر عمل نہ ہوا تو پابندی لگ سکتی ہے۔