عسکری تنصیبات پر حملہ آورافراد کیخلاف آرمی ایکٹ تحت مقدمات قائم ہونگے، کور کمانڈرز کانفرنس

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read
فوٹو: آئی ایس پی آر

پاکستا نی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ناقابل تردید شواہد کی بدولت افواج پاکستان عسکری تنصیبات پر حملوں کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں سے واقف ہے جن کے خلاف کور کمانڈرز کی خصوصی کانفرنس میں پاکستان کے قوانین بشمول پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمات چلانے کی عزم کا اظہار کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سوموار کو چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں خصوصی کور کمانڈرز کلانفرنس کی سربراہی کی جس میں گذشتہ چند دنوں کے دوران امن و امان کی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کو بریفنگ دی گئی کہ شہدا کی تصاویر، عمارات اور فوجی تنصیبات کو ایک مربوط منصوبے کے تحت نشانہ بنایا گیا جس کا مقصد ادارے کی ساکھ کو متاثر کرنا اور ادارے کو ردعمل دینے پر مجبور کرنا تھا۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے عسکری تنصیبات اور سرکاری اور نجی املاک کے خلاف ان واقعات کی بھرپور مذمت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ناقابل تردید شواہد کی بدولت افواج پاکستان ان حملوں کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں سے واقف ہے جن کے خلاف پاکستان کے قوانین بشمول پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمات چلانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بیرونی فنڈنگ اور اندرونی سہولت کاری کی مدد سے عسکری لیڈر شپ کے خلاف پراپیگینڈا پر تشویش کا اظہار کیا گیا جس کا مقصد افواج پاکستان اور عوام کے درمیان اور فوج کے اندر خلیج پیدا کرنا ہے۔

کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے سوشل میڈیا کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مجوزہ قوانین کے تحت سزا دینے پر بھی زور دیا۔

دوسری جانب کور کمانڈرز کانفرنس میں تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان سیاسی عدم استحکام کے پیش نظر قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ قوم کا اعتماد بحال کیا جا سکے اور جمہوری عمل کو مضبوط کیا جا سکے۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے ایسی تمام کوششوں کی حمایت کرنے کا عزم بھی کیا جو قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے کی جائیں گی۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article
Leave a Comment