کمشنر مردم شماری بلوچستان نور احمد پرکانی نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری کا 99 فیصد کام مکمل کر لیا گیا اور اب تک بلوچستان کی آبادی 2کروڑ 6 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ کوئٹہ کی آبادی 24 لاکھ 84 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
کمشنر مردم شماری بلوچستان نور احمد پرکانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مردم شماری کا عمل 99 فیصد مکمل کر لیا گیا، پشین، لسبیلہ اور کوئٹہ میں چند بلاکس میں کام جاری ہے، اس کے علاوہ اجتماعی مقامات جن میں ہاسٹل، تھانے، مدارس، جیل شامل ہیں وہاں بھی مردم شماری کی جارہی ہے جو 15 مئی تک مردم شماری کا کام مکمل کرلیں گے۔
کمشنر مردم شماری نے کہا ہے کہ بلوچستان کی آبادی میں 83 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔بلوچستان میں اب تک 2کروڑ 6 لاکھ نفوس کو گنا جاچکا ہے جب کہ کوئٹہ کی آبادی 24 لاکھ 84 ہزار سے زائد ہوگئی ہے،کوئٹہ کی آبادی میں 2017 کی مردم شماری کی نسبت 2 لاکھ نفوس کا اضافہ ہوا ہے۔
نور احمد پرکانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مردم شماری کے دوران جنس کی شرح میں فرق آیا ہے، خواتین کی تعداد کم ہوئی ہے جس کی وجہ بلوچستان میں خواتین کے نام کا اندراج نہ کرنا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اگر مردم شمادی کے نتائج تسلیم کرلیے گئے تو بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 10 نشستوں کا اضافہ ممکن ہے جب کہ بلوچستان میں نوجوانوں کی شرح 60 فیصد ہوگئی ہے۔