بلوچستان کے علاقے مستونگ میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث3نوجوان ہلاک اور ایک بے ہوش ہو گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے میں بارش کے دوران لکپاس کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے 4نوجوان جو کہ موٹر سائیکل پر جا رہے تھے جن میں ریاض احمد ،احسان اللہ،اشرف اور غلام فاروق میں سے تین نوجوان ہلاک اور ایک بے ہوش ہو گیا، جنہیں فور ی طور پر نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔
ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہو گیا، شہر میں بارش کے باعث بجلی کی بندش اور شہر کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔