چین کے شہر بیجنگ کے ایک نجی ہسپتال میں آگ لگنے سے 21 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی خبر کے مطابق اس افسوسناک واقعے کی اطلاع سرکاری ادارے بیجنگ ڈیلی نے دی۔
بیجنگ ڈیلی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو دوپہر ایک بجے سے ذرا پہلے اطلاع ملی کہ دارالحکومت کے شہر فینگٹائی ڈسٹرکٹ میں واقع بیجنگ چانگ فینگ ہسپتال میں آگ لگ گئی ہے۔
اس کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیا گیا اور ریسکیو آپریشن مزید 2 گھنٹے تک جاری رہا، اس دوران مجموعی طور پر 71 مریضوں کو نکال کر دوسری جگہ منتقل کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ شام 6 بجے تک رنے والوں کی تعداد 21 تک پہنچ گئی تھی۔
بیجنگ ڈیلی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ کا تعین کرنے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے دوپہر کے وقت ہسپتال کے بیرونی ایئر کنڈیشنگ یونٹس پر بیٹھے لوگوں کی ویڈیوز پوسٹ کیں جب کہ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ کئی افراد رسیوں کے ذریعے عمارت سے چھلانگ لگا رہے تھے۔