بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں فائرنگ جبکہ تربت میں روڈ حادثہ و خودکشی کے حادثات وواقعات میں خاتون سمیت 4افراد ہلاک ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق کوئٹہ میں پشتون آباد میں پولیس اور راہزنوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 راہزن ہلاک ایک کوزخمی ہوگیا۔
پولیس کے دعوے کے مطابق زخمی حالت میں گرفتارراہزن کے قبضے سے اسلحہ اور چھینا ہوا موبائل فون اور موٹرسائیکل برآمد کئے گئے ۔جبکہ فائرنگ میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ شب پشتون آباد میں راہزن ایک شہری سے موبائل فونز چھین کر فرار ہو رہے تھےکہ گشت پر موجود پولیس اہلکاروں نے راہزنوں کو گھیرے میں لے لیا ۔اسی دوران راہزنوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہو گیا جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ پر 2 راہزن عطامحمد اور عطاللہ ہلاک تیسرے راہز ن نور خان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
دوسری جانب تربت میں ایک شخص نے گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق تربت سنگ آباد کرکی کا رہائشی نوجوان شاہمراد ولد شکر نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرکی۔
ذرائع کے مطابق خود کشی کے محرکات معلوم نہ ہوسکےجبکہ پولیس کی جانب سے مذید تحقیقات جاری ہے۔
اسی طرح تربت میںکوہ مراد کی زیارت کے بعد واپس جانے والے ذکری زائرین کی ایک گاڑی بس ٹرمینل تربت کے قریب تیز رفتاری کے سبب الٹ گئی جس کے نتیجے میں خاتون درگل سکنہ ملائی بازار موقع پر ہلاک جبکہ 15 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق امدادی ٹیمیں و تربت انتظامیہ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کردیا ہے۔