پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے دستی بم حملے میں پولیس کا ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) ہلاک جبکہ دو کانسٹیبل زخمی ہو گئے۔
صوابی پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اے ایس آئی ساحر خان اور کانسٹیبل گل نصیب اور اعجاز افطار سے قبل یار حسین بازار کے علاقے میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ ڈیوٹی سر انجام دینے کے بعد پولیس اہلکار وہاں سے افطار کے لیے یار حسین تھانے کی جانب جا رہے تھے کہ نامعلوم ملزمان/عسکریت پسند ان کی گاڑی کے اندر دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ شام 6 بج کر 24 منٹ پر پیش آیا، اس حملے میں اے ایس آئی ساحر خان ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دستی بم دھماکے میں کانسٹیبل گل نصیب کو شدید چوٹیں آئیں جنہیں علاج کے لیے مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا جب کہ کانسٹیبل اعجاز معمولی زخمی ہوئے۔