بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ ، روڈ حادثہ وڈوبنے کے مختلف حادثات وواقعات میں خاتون سمیت 4 افرادہلاک،9 زخمی جبکہ 2 لاپتہ ہیں۔
مکران کوسٹل ہائی وے پر کنڈ ملیر کے قریب بلوچ موورز نامی کوچ الٹنے سے ایک شخص موقع پر ہلاک جبکہ 9 زخمی ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت ناصر کے نام سے ہوگئی جو کوچ کا ڈرائیوربتایا جاتا ہے جبکہ زخمی ہونے والے 9 افراد کا تعلق پاکستان نیوی سے بتایا جارہا ہے ۔
حادثہ بس کے پچھلے ٹائر سلپ ہونیکی وجہ سے پیش آیا۔
دوسری جانب لورالائی میں لونی آباد میں بیٹے نے فائرنگ کرکے اپنے والدہ کو قتل کردیا۔
اسی طرح ڈیرہ بگٹی میںنامعلوم افراد کی فائرنگ سے 18 سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق نوجوان پانی بھرنے جا رہا تھا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی۔
لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ڈی ایچ کیوہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ہلاک ہونے والے نوجوان کی شناخت ارشد علی ولد دین علی کے نام سے ہوگئی۔
دریں اثنا حب میں حب ندی میں 3 افراد ڈوب گئے ۔
ایدھی ذرائع کے مطابق ایک شخص کی لاش نکال لی گئی ہے جبکہ دیگر تاحال لاپتہ ہیں ،ان کی تلاش جاری ہے ۔