روس کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین کے ساحلی شہر ماریوپول کا اچانک دورہ کیا ہے، جسے روسی فوج نے تباہ کرنے کے بعد اس پر قبضہ کر لیا تھا۔
ایک سرکاری ویڈیو میں صدر پوتن کو رات کے وقت شہر کی گلیوں میں گاڑی چلاتے اور مقامی لوگوں سے بات کرتے اور ہنستے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ صدر پوتن کا یوکرین کے نئے مقبوضہ علاقے کا پہلا دورہ ہو گا۔ تاژ نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ وہ وہاں بذریعہ ہیلی کاپٹر پہنچے تھے۔
سرکاری طور پر جاری کردہ ویڈیو میں انھیں روس کے نائب وزیر اعظم مارات خوشنولن کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے جو انھیں یہ بتا رہے ہیں کہ شہر کی تعمیر نو کیسے کی جا رہی ہے۔
پوتن فل ہارمونک ہال کا بھی دورہ کرتے دکھائی دیتے ہیں، جو آزوسٹوال آئرن اینڈ سٹیل پلانٹ کے محافظوں کے ٹرائل کے لیے استعمال کیا جاتا تھا، یہ ایک بہت بڑا صنعتی کمپلیکس ہے جہاں یوکرین کے فوجیوں ہتھیار ڈالنے سے پہلے موجود تھے۔
خونریز جنگ اور طویل لڑائی میں تباہ حال ماریوپول 10 ماہ سے زائد عرصے سے روسی قبضے میں ہے۔
یوکرین کا کہنا ہے کہ وہاں جنگ کے دوران 20,000 سے زیادہ افراد مارے گیے۔