پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت میں مردم شماری ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پرنامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ایک اہلکارہلاک ہوگیا۔
لکی مروت پولیس ترجمان کے مطابق پولیس ٹیم پر حملہ دو بج کر تیس منٹ کے قریب تھانہ صدر کے حدود مپیروالہ گاؤں میں پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مردم شماری ٹیم اپنے کام میں مصروف تھی کہ اچانک دو نقاب پوش افراد نے ان کی سیکیورٹی پر معمور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار دل جان شدید زخمی ہو گئے اور ہسپتال جاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئےہلاک ہو گئے، تاہم ٹیم کے دیگر ارکان محفوظ رہے۔
فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ واقعے کے فوراً بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور سرچ آپریشن شروع کر دیا لیکن تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔