کٹھ پتلی سپیکر بلوچستان اسمبلی قدوس بزنجو نے کہا ہے کہ کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث بلوچستان اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرنا ممکن نہیں۔
خیال رہے کہ بلوچستان اسمبلی میں حزب اختلاف کی یہ رائے ہے کہ بلوچستان حکومت کورونا کی صورتحال سے بہتر انداز سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے چنانچہ حزب اختلاف کی جانب سے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کی طلبی کے لیے تحریک جمع کروائی گئی تھی۔
اسمبلی سیکریٹریٹ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اگر اسمبلی کا اجلاس بلایا جاتا ہے تو نہ صرف معزز اراکین اسمبلی اکٹھے ہوں گے بلکہ دیگر صوبائی محکموں کے سربراہان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، اسمبلی سیکریٹریٹ کے ملازمین اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان بھی موجود ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں اگر کوئی ایک شخص بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوا تو وہ دیگر شرکاءکو اس وائرس سے متاثر کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے، لہٰذا اس خدشے کے پیش نظر اسمبلی کا اجلاس بلانا کسی بھی طور پر مناسب نہیں۔