بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں تیل کے ڈپو میں خوفناک آتشزدگی سے ایک شخص جھلس کرہلاک جبکہ تین دکانوں سمیت دو گاڑیاں جل کر خاکسترہوگئیں۔
پولیس کے مطابق جمعہ کے روز حب کے علاقے بھوانی کے مقام پر قومی شاہراہ پر قائم ایرانی تیل کے ڈپو میں اس وقت آگ بھڑک اٹھی جب ڈپو پر ٹرک سے پیٹرول اتارا جارہا تھا۔
آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے تین دکانوں سمیت مذکورہ ٹرک اور پاس کھڑی پک اپ کو اپنے مکمل لپیٹ میں لے لیا۔
فائربرگیڈ کا عملہ تاخیر سے پہنچنے پر آگ کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
مسلسل تین چار گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔
پولیس کے مطابق آگ لگنے سے ڈپو میں کام کرنے والا ایک شخص اندر پھنس جانے سے جھلس کر ہلاک ہوگیا۔