دکی،ڈیرہ مراد جمالی وحب میں فائرنگ سے 4افراد ہلاک،کوئٹہ سے لاش بر آمد

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

بلوچستان کے علاقوں دکی،ڈیرہ مراد جمالی اورحب میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 2بھائیوں سمیت 4افراد ہلاک ہوگئے جبکہ کوئٹہ کے بادیزئی ڈیم سے 24 سالہ شخص کی لاش بر آمدہوگئی ہے۔

ضلع دکی کے لونی میں تلاو بلندہ کے قریب میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 سگے بھائی ہلاک ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق تحصیل تلاو لونی کے علاقے تلاو بلندہ کے کلی ملیزئی لونی میں مسلح افراد نے فائرنگ کی،جس سے دوسگے بھائی ہلاک ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق ہلاک سگے بھائیوں کی شناخت ملک جان ملیزئی لونی اور نواب خان پسران خان محمد لونی کے نام سے ہوگئی ہے۔

مقتول اور قاتل گروہ آپس میں چچا زاد بتائے جاتے ہیں۔

لاشیں سول ہسپتال لورالائی میں ابتدائی ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کرکے دکی روانہ کردی گئی ہیں۔

دوسری جانب ڈیرہ مراد جمالی کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص کو ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق صدر پولیس تھانہ کی حدود پٹ فیڈر کینال کے قریب مسلح افراد نے پرانی دشمنی کی بنا پر فائرنگ کرکے علی بیگ کوہلاک کردیا اور فرار ہوگئے۔

اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لیکر ہسپتال پہنچا دیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش کو ورثہ کے حوالے کرکے مزید کاروائی شروع کردی ہے۔

دریں اثناحب شہر میں صدر تھانہ کی حدود گھر میں ڈاکو داخل ہوگئے مزاحمت پر فائرنگ کا تبادلہ ہواجس سے ایک مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیاجبکہ ساتھی فرار ہو گئے۔

کہا جارہا ہے کہ مالک مکان بھی زخمی ہو گئے۔

پولیس نے مالک مکان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔

مبینہ ڈاکو کی شناخت آزاد بلیدی ساکن آچار ہوٹل کے نام وپتہ سے ہوئی ہے۔

ایس ایچ اوحب صدر تھانہ شاہنواز مینگل نے بتایا کہ انہیں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات گئے تقریباًساڑھے4بجے اطلاع ملی کہ حب صدر تھانہ کی حدود میں بلوچ کالونی کے ایک گھر میں ڈاکو گھس گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق بلوچ کالونی کے رہائشی پیران رند نامی شخص نے بتایا کہ رات کے وقت 4مسلح ڈاکو انکے گھر میں داخل ہو گئے اور گن پوائنٹ پر لوٹ مار کی کوشش کی اس دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے اس پر بندوق کے بٹ مارے جس سے اُسے معمولی چوٹیں بھی آئیں تاہم بعدازاں فائرنگ کا تبادلہ ہو ا۔

پولیس کے مطابق مالک مکان پیران رند نے بتایا ہے کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ انکا ایک ساتھی گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا تاہم پولیس نے وقوعہ پر پہنچ کر فائرنگ سے ہلاک مبینہ ڈاکو کی نعش اسپتال منتقل کیا جہاں پر اُسکی شناخت آزاد بلیدی ساکن آچار ہوٹل حب کے نام وپتہ سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق صدر تھانہ میں واقعہ کا مقدمہ پیران رند کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق مبینہ ڈاکو آزاد بلیدی کی نعش اسکی والدہ کے حوالے کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں کوئٹہ میں بادیزئی ڈیم سے ریسکیو حکام نے ایک شخص کی لاش بر آمد کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو 24 سالہ نوجوان افضل خان ولد اختر محمدبادیزئی ڈیم میں ڈوب گیا جس پر پی ڈی ایم اے کی ریسکیو ٹیم نے ریسکیو آپریشن کر تے ہوئے افضل خان کی لاش بر آمد کر کے فوری طوپر لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ضروری کاروائی کے بعدلاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔

Share This Article
Leave a Comment