بلوچستان کے علاقے حب اور منگچر میں فائرنگ کے دو مختلف میں پولیس آفیسر کا بیٹا ہلاک جبکہ 2افراد زخمی ہوگئے۔
بدھ کی صبح سویرے ایک اطلاع ملنے پر حب سٹی پولیس نے مشرقی بائی پاس سے 21سالہ ایک نوجوان کی نعش برآمد کر کے جام غلام قادر گورنمنٹ اسپتال حب منتقل کی۔
پولیس کے مطابق ہلاک نوجوان نواب شاہ پولیس کے اے ایس آئی مجاہد کا بیٹا تھا۔
ہلاک نوجوان کی نعش حب کے مشرقی بائی پاس سے ملی جو منگل کے روز نواب شاہ سے کراچی آیا جس کے بعد اسکا موبائل فون بندہو گیا۔
ایس ایچ اوحب سٹی مصطفی شاہ کے مطابق ہلاک نوجوان کی شناخت 21سالہ وقار ولد مجاہد ساکن نواب شاہ سندھ کے نام وپتہ سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق نوجوان کو سر پر گولی مار کرہلاک کرنے کے بعد نامعلوم قاتل فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک نوجوان منگل کے روز دن 12بجے نواب شاہ سے کراچی کیلئے روانہ ہوا اور شام 5بجے کراچی لیاقت آباد پہنچا جبکہاس کے موبائل فون کی لوکیشن جمشید ٹاؤن کراچی میں ٹریس ہونے کے بعد موبائل سوئچ آف ہو گیا۔
حب سٹی پولیس کے مطابق نوجوان کی نعش ورثاکے حوالے کردی گئی ہے تاہم فی الوقت ہلاکت کی کوئی وجہ سامنے نہ آسکی ہے۔
دریں اثنا منگچر کے علاقے شیخ حاجی کے مقام پہ مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو مندے حاجی اسپتال منتقل کرنے کے بعد مزید علاج کیلئے شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پر انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہیں۔
زخمی افراد کی شناخت شاہنواز، محمد نواز کے نام سے ہوئی۔