جنوبی فلپائن میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 67 افراد ہلاک ہوگئے جہاں امدادی کارکن پہاڑی دیہاتوں میں شہریوں کو بچانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے‘اے ایف پی’کے مطابق فلپائن کے سول دفاع کے آفس نے بتایا کہ داتو اوڈن سِنسوات ٹاؤن کے گاؤں کسیوئنگ میں رات بھر ہونے والی شدید بارشوں کے باعث سیلاب آنے، چٹان اور درخت گرنے سے 50 افراد ہلاک ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسی طرح قریبی ٹاؤن داتو بلاہ سِنسوات کے گاؤں میں برفانی تودا گرنے سے مزید 17 افراد ہلاک ہو گئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 11 افراد تاحال لاپتا ہیں اور دیگر 31 زخمی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق طوفان نلگائے کی وجہ سے ہونے والی شدید بارشوں کے بعد کوٹاباٹو کے قریب 9 ٹاؤن کے زیادہ تر دیہات میں سیلاب آیا، 3 لاکھ آبادی کا جزیرہ منڈاناؤ بھی سیلاب کی وجہ سے زیر آب ہے۔
حکومت کے سول دفاع کے سربراہ اور ترجمان نگیوب سنارمبو نے بتایا کہ کافی تعداد میں شہریوں کو حیرت ہوئی کہ سیلابی پانی صبح ہونے سے قبل ہی تیزی سے چڑھا۔
نگیوب سنارمبو کا کہنا تھا کہ کشتیوں کی ٹیموں نے متعدد علاقوں میں گھروں کی چھتوں سے شہریوں کو بچایا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلپائن میں ہر سال تقریباً 20 طوفان آتے ہیں، جس کے سبب سیکڑوں افراد ہلاک ہوتے ہیں تاہم منڈیانو شاذ و نادر ہی متاثر ہوتا ہے، تاہم ملک کے اہم جزیرے لوزون میں آنے والے طوفان کے مقابلے میں یہ زیادہ مہلک ہے۔
ریاستی ویدر سروس نے بتایا کہ پیسیفک سے زیادہ تر آنے والے طوفانوں سے لوزون کا طویل پہاڑی سلسلہ دیواروں کی طرح اس سے بچنے میں مدد کرتا ہے۔