ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سعودی عرب کے نئے وزیراعظم مقرر

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منگل کے روزکابینہ میں ردوبدل کا اعلان کیا ہے۔اس ضمن میں جاری کردہ ایک شاہی فرمان کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کوسعودی عرب کا نیا وزیراعظم اورشہزادہ خالد بن سلمان کو نیا وزیردفاع مقررکیا گیاہے۔وہ پہلے نائب وزیردفاع کے منصب پرفائزتھے اور اس وزارت کا قلم دان خود ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے پاس تھا۔

سعودی پریس ایجنسی نے ایک شاہی فرمان کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ یوسف بن عبداللہ بن محمدالبنیان کومملکت کا وزیرتعلیم مقررکیا گیا ہے۔

کابینہ میں ردوبدل کے باوجود شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کو وزیرتوانائی، شہزادہ فیصل بن فرحان کو وزیرخارجہ، خالد بن عبدالعزیزالفالح کو وزیرسرمایہ کاری، شہزادہ عبدالعزیزبن سعود بن نایف بن عبدالعزیز کو وزیرداخلہ اورمحمد بن عبداللہ الجدعان کو بہ طور وزیرخزانہ برقراررکھا گیا ہے اور ان کی اہم وزراتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

ان کے علاوہ شہزادہ عبداللہ بن بندربن عبدالعزیز کو نیشنل گارڈ کا وزیر، ولید الصعمانی کو وزیرانصاف، عبدالطیف بن عبدالعزیزآل الشیخ کو وزیربرائے اسلامی امور، شہزادہ بدربن عبداللہ بن فرحان کو وزیر ثقافت، شہزادہ عبدالعزیزبن ترکی الفیصل کو وزیرکھیل، توفیق بن فوزان الربیعہ کو حج وعمرہ کا وزیر اور ماجدبن عبداللہ القصبی کو وزیرتجارت کے منصب پر برقرار رکھا گیا ہے۔

مزید برآں بندربن ابراہیم الخریف کو وزیرصنعت و معدنی وسائل، احمد الخطیب کو وزیرسیاحت، فیصل بن فضیل آل ابراہیم کو وزیرمعیشت اورمنصوبہ بندی اور فہد بن عبدالرحمٰن داحس الجلاجل کونیا وزیرصحت مقرر کیا گیا ہے۔

شاہی فرمان کے متن میں کہا گیا ہے:”عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد، حکمرانی کے بنیادی قانون کے آرٹیکل (چھپن) اور کابینہ کے قانون میں شامل متعلقہ دفعات سے استثناء کے طور پر وزیراعظم ہوں گے“۔

متن کے مطابق کابینہ کے اجلاسوں میں شاہ سلمان شرکت کریں گے اوران کی صدارت وہ کریں گے۔

وزراء کی کونسل کی شہزادہ محمد بن سلمان کے زیرقیادت تنظیم نو کی گئی ہے۔

شاہی احکام کے تحت طلال بن عبداللہ بن ترکی العتیبی کو اعلیٰ عہدے کے ساتھ معاون وزیردفاع مقررکیاگیاہے۔

Share This Article
Leave a Comment