کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرین پر تشددبلوچ کیخلاف نفرت کا اظہار ہے،بی این ایم

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچ نیشنل موومنٹ کے ترجمان نے اپنے بیان میں زیارت جعلی مقابلے کے خلاف پر امن احتجاجی مظاہرین پر پولیس تشدد اور آنسو گیس فائر کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست پاکستان کے تمام ادارے بلوچ نسل کشی میں برابر کے شریک ہیں اور ان اداروں کا ہر عمل بلوچ کے خلاف ان کی نفرت کا اظہار ہے۔

انھوں نے کہا پاکستان کے عسکری ادارے سیاسی کارکنوں اور عام بلوچوں کو جبری گمشدگی کا نشانہ بناتے ہیں۔ پاکستان تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ ریاستی ادارے بلوچوں پر عقوبت خانوں میں تشدد کرنے، لاشیں پھینکنے اور اجتماعی قبروں میں دفنانے کے عمل میں ملوث ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ جب نام نہاد انسداد دہشت گردی محکمے کو بلوچستان بھر میں فوج کی سربراہی میں فعال کیا گیا توجعلی مقابلوں کا ایک طویل سلسلہ شروع کیا گیا جو ہنوز جاری ہے۔ ان تمام جعلی مقابلوں میں مارے جانے والے افراد پہلے سے ہی پاکستانی فوج اور اس سے منسلک اداروں کی حراست میں جبری لاپتہ تھے۔زیارت جعلی مقابلے میں قتل کیے گئے بیشتر افراد کی شناخت بھی جبری لاپتہ افراد کے طور پر ہوئی ہے۔جب اس واقعے کے خلاف سیاسی تنظیموں نے احتجاج کیا تو ان پر پولیس نے تشدد کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جو پاکستان کے دہشت گردانہ چہرے کو عیاں کرنے کے لیے کافی ہے۔

ترجمان نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ ظلم کے خلاف بلوچ قوم کی نفرت اور اس نفرت سے پنپنے والی سیاسی مزاحمت نو آبادیاتی نظام کے خاتمے کا باعث بنے گی۔

Share This Article
Leave a Comment