بلوچستان کے علاقے زیارت میں پاکستانی فوج کے ہاتھوں جعلی مقابلے میں قتل ہونے والے ایک اور شخص کی شناخت جمعہ خان مری ولد قیصر مری کے نام سے ہوگئی ہے۔
شناخت کے بعد لواحقین کی جانب سے جمعہ خان مری ولد قیصر مری کو کوئٹہ کے نواحی علاقے نیوکاہان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
فیملی ذرائع کے مطابق اپریل کے مہینے رمضان المبارک میں فورسز نے ہرنائی سے جمعہ ولد قیصر مری کو جبری گمشدہ کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کیا تھا۔
جمعہ خان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک غریب شخص تھا اورپیشے سے چرواہا تھا۔
اس کے علاوہ جبری گمشدگی کے شکار جمعہ کے متعلق مختلف اوقات میں مختلف نیوز پیجز میں خبریں چلی تھیں تاہم، چار مہینے کے بعد 15 جولائی کو فوج نے ایک جعلی مقابلے میں انہیں قتل کرکے اس کو ایک دہشت گرد ظاہر کیاتھا۔
جمعہ مری کی نماز جنازہ نیو کاہان قبرستان میں ادا کی گئی جس میں مختلف سیاسی و قوم پرست جماعتوں کے کارکنوں کے علاوہ مری قبیلے اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد انہیں نیو کاہان قبرستان میں ہی سپرد خاک کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ 15 جولائی میں زیارت میں پاکستانی فوج نے 9 بلوچ آزادی پسند جنگجوؤں کو مارنے کا دعویٰ کیا تھا۔ بعد ازاں، 9 میں سے بیشترافراد مسنگ پرسنز نکلے تھے جن کو فورسز نے مختلف اوقات میں مختلف مقامات سے جبری گمشدہ کرکے اپنے غیر قانونی عقوبت خانوں میں پابند سلاسل کردیا تھا۔