امریکی سینیٹرز نے ٹرمپ سے ایران پر پابندیاں ہٹانیکا مطالبہ کردیا

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

امریکی سینیٹ کے اراکین نے کورونا وائرس کے سبب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سے ایران پر عائد پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکی سینیٹ میں ریپبلیکن رکن جیرڈ ہفمین سمیت 34 اراکین نے ٹرمپ انتظامیہ کو خط پر دستخط کر کے ایران پر سے عالمی پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کیا۔

جیرڈ ہفمین نے کہا کہ کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے خصوصاً ایران اس سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس خطرناک وبا میں ایران پر سخت عالمی پابندیاں عائد کرنا غیر انسانی عمل ہو گا، اس سے ایرانی صحت کا نظام مزید بری طرح متاثر ہو گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ایران کا نظام صحت متاثر ہونے سے کورونا وائرس کے مزید پھیلنے کا اندیشہ ہے جس سے خطے میں موجود امریکا سمیت دیگر اتحادی افواج کی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہو جائیں گے۔

ہفمین نے کہا کہ ماضی میں قدرتی آفات کے نتیجے میں ریپبلیکن اور ڈیموکریٹس دونوں کی انتظامیہ نے پابندیوں میں نرمی کردی تھی، ہمیں اپنے تنازع میں ایران کے عوام کے ساتھ زیادتی نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 18 مارچ کو ٹرمپ انتظامیہ نے ایران پر مزید سخت پابندیاں عائد کردی ہیں۔

ریپبلیکن سینیٹر نے خط میں تحریر کیا کہ اس وبا کے مشکل وقت میں ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے کے بجائے انسانی ہمدردی کے تحت ان پر عائد پابندیوں کو وقتی طور پر ہٹا لیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مظالبہ کرتے ہیں کہ موجودہ صورتحال میں دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح امریکا براہ راست ایران کو امداد فراہم کرے تاکہ وہاں عوام کو کورونا وائرس کے مرض سے بچانے میں مدد مل سکے۔

اس موقع پر انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی ایسا کیا جا چکا ہے جب 2003 میں آنے والے زلزلے کے بعد جارج ڈبلیو بش کی انتظامیہ نے ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی کی تھی۔

ایران، مشرق وسطیٰ میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اب تک 3 ہزار افراد ہلاک جبکہ 47 ہزار متاثر ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ ایران کی جانب سے مستقل یہ کہا جاتا رہا ہے کہ امریکا کی جانب سے عائد کردہ عالمی پابندیوں کی وجہ سے ان کی کورونا وائرس سے نمٹنے کی صلاحیت بری طرح متاثر ہوئی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان بھی کورونا وائرس کے تناظر میں امریکا سے متعدد مرتبہ ایران پر عائد پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment