بلوچستان کے علاقے لسبیلہ، ڈیرہ مراد جمالی اور گڈانی میں تین مختلف حادثات و واقعات میں بچہ سمیت 8افراد ہلاک ہوگئے۔
آمدہ اطلاعات کے مطابق ضلع لسبیلہ میں ٹرک الٹنے سے 6 مزدور ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ضلع لسبیلہ میں کام کے بعد مزدور ٹرک پر سوار ہوکر واپس آ رہے تھے کہ حادثے کا شکار ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں 6 مزدور موقع پر ہی ہلاک جبکہ 4 شدید زخمی ہوئے۔
ہلاک مزدوروں کا تعلق سانگھڑ کے علاقے ٹنڈو آدم سے تھا جن کی میتیں ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔
دوسرتی جانب ڈیرہ مراد جمالی میں مسلح موٹر سائیکل سواروں کی رکشہ پر فائرنگ سے رکشہ میں سوار 8سالہ بچہ ہلاک جبکہ ڈرائیور زخمی ہوگیا۔
واقعہ کے بعدملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی سٹی میں کچا پھاٹک کے قریب مسلح موٹر سائیکل سواروں نے مبینہ پرانی دشمنی کی بنا پر رکشہ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں رکشہ میں سوار 8سالہ بچہ گل بہارہلاک ہوگیا اور رکشہ ڈرائیور محمد رفیق زخمی ہوگیا اور ملزمان فرار ہوگئے۔
پولیس نے لاش اور زخمی کو تحویل میں لیکر ہسپتال پہنچا دیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش کو ورثہ کے حوالے کرکے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔
دریں اثناگڈانی کے ساحل پر نہاتے ہوئے پاکستان نیوی کا ایک اہلکار ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔
ڈوبنے والے کی شناخت محمد سلیم سے ہوئی ہے۔وہ پاکستان نیوی کا ڈرائیور بتایا جاتا ہے۔
مقامی لائف گارڈ نے لاش کو نکال کر آر ایچ سی شیخ آباد منتقل کردیا۔