فرائض کی ادائیگی میں مارے جانیوالے صحافیوں کو پوپ فرانسس نے خراج عقیدت پیش کی

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

پوپ فرانسس نے اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران مارے جانے اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آزاد صحافت کا دفاع کیا ہے اور میڈیا میں ‘انسانیت کے زخموں ‘ کو اجاگر کرنے کے لیے جرات کے ساتھ رپورٹنگ کرنے والے لوگوں کی تعریف کی ہے۔

ٖغیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کی خبر کے مطابق سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ہزاروں لوگوں سے اپنے ہفتہ وار خطاب اور ‘بلیسنگ اسپیچ’ کے دوران پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ 3 مئی کو اقوام متحدہ کا عالمی یوم آزادی صحافت منایا جائے گا۔

پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ ‘میں ان صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو اس حق (آزادی اظہار رائے) کے لیے ذاتی طور اپنی جانوں اور توانائیوں کے ذریعے ادائیگی کرتے ہیں ‘۔

انہوں نے اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ‘گزشتہ سال 47 صحافی کو قتل کیا گیا جبکہ 350 سے زیادہ صحافیوں کو جیلوں میں بند کیا گیا۔’

انہوں نے اپنے بتائے گئے اعدادوشمار کا ذریعہ اقوام متحدہ کی ورلڈ پریس فریڈم ڈے کی سرپرستی کرنے والی تنظیم ‘یونیسکو’ کو بتایا جس نے اس سال کے شروع میں کہا تھا کہ 2021 میں 55 صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو قتل کیا گیا۔

پوپ فرانس کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کا خصوصی شکریہ جو ہمیں جرأت و حوصلے کے ساتھ انسانیت کے زخموں سے با خبر و آگاہ رکھتے ہیں۔

گزشتہ ماہ پوپ فرانسس نے روس، یوکرین جنگ کی کوریج کرنے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں امید ہے کہ خدا انہیں مشترکہ بھلائی کی خدمت انجام دینے کا اجر دے گا۔

نیویارک میں موجود ‘کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس’ کا کہنا ہے کہ یوکرین میں جنگ کی کوریج کے دوران کم از کم 7 صحافیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ اس بات کی تحقیقات جاری ہیں کہ کیا مزید دیگر صحافیوں کو بھی ان کے کام کی وجہ سے قتل کیا گیا ہے۔

پیرس میں موجود تنظیم ‘رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز’ کا کہنا ہے کہ اس نے یوکرین میں ‘صحافتی’ شناخت کے لیے بینڈ باندھنے والے صحافیوں کو براہ راست نشانہ بنانے والے متعدد حملوں کے بارے میں تفصیلات کو دستاویزی شکل میں مرتب کیا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment