پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 30 روز میں سنانیکا حکم

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے کہ تحریکِ انصاف کے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 30 روز میں سنایا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے تحریکِ انصاف کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پارٹی کے بانی رُکن اکبر ایس بابر کو اس کیس کی پیروی سے روکنے کی استدعا بھی مسترد کر دی۔

عدالت نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن درخواست گزار اکبر ایس بابر کی درخواست پر 30 دن کے اندر فیصلہ سنائے۔

خیال رہے کہ تحریکِ انصاف کو ملنے والی فارن فنڈنگ میں ممنوعہ فنڈنگ کے الزامات لگاتے ہوئے پارٹی کے بانی رُکن اکبر ایس بابر نے 2014 میں الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف نے 25 جنوری اور 31 جنوری کو دائر درخواستیں مسترد کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جہاں سماعت کے بعد آج عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی اکبر ایس بابر کے خلاف درخواست خارج کر دی اور اس بارے میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس نومبر 2014 سے الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے اور پی ٹی آئی کئی برسوں سے اس کیس میں التوا مانگتی رہی ہے لیکن اب عدالت نے اس کیس میں 30 دن کا وقت دیا ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article
Leave a Comment